سُوال: کیا دسویں رات کو بھی وُقوفِ عَرَفات ہوسکتاہے؟
جواب: جی ہاں ، کیونکہ وُقوف کاوَقت9 ذُوالحِجَّۃِ الحرام کے اِبتدائے وَقتِ ظہر سے لے کر دَسویں کی طُلُوعِ فجرتک ہے۔ (عالمگیری ، ج۱ ، ص۲۲۹)
سُوال: جسے کوئی مجبوری نہ ہو اُسے مُزدَلفہ سے منٰی کیلئے کب نکلنا چاہئے؟
جواب: طُلُوعِ آفتاب میں صِرْف اتنا وَقْت باقی رہ جائے جس میں (مسنون قراء ت کے ساتھ ) دو رَکْعت ادا کی جا سکیں اُس وَقْت چل پڑے۔ اگر طلوعِ آفتاب تک ٹھہرا رہا تو سُنَّتِ مؤَکَّدہ تَرک ہوئی ، ایسا کرنا ’’ بُر ا ‘‘ ہے مگر دم وغیرہ واجِب نہیں ۔ ہاں منٰی شریف کی جانِب چل تو پڑا مگربھیڑ وغیرہ کی وجہ سے مُزدَلِفہ ہی میں سورج طُلُوع ہو گیا تو تارکِ سنّت نہیں کہلائے گا۔ ( یہ جواب فتاوٰی حج و عمرہ ، حصہ دوم صفحہ83تا87سے ماخوذ ہے)
سُوال: اگر کسی دِن آدھی سے زِیادہ ماریں مَثَلاً گیارہویں کو تین شیطانوں کو ۲۱/ کنکریاں مارنی تھیں مگر ۱۱/ماریں تو کیا سزا ہے؟
جواب: فی کنکری ایک ایک صَدَقہ د ینا ہوگا۔صَدرُالشَّریعہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِفرماتے ہیں : کسی دن بھی رَمی نہیں کی یا ایک دن کی بالکل یا اکثر ترک کر دی مَثَلاً دسویں کو تین کنکریاں تک ماریں یا گیارھویں وغیرہ کو۱۰/ کنکریاں تک یا کسی دن کی بالکل یا اکثر رَمی دوسرے دن کی تو ان سب صورتوں میں دَم ہے اور اگر کسی دن کی نصف سے کم چھوڑی مَثَلاً دسویں کو چار کنکریاں ماریں ، تین چھوڑ دیں یا اور دِنوں کی گیارہ ماریں دس چھوڑدیں یا دوسرے دن کی تو ہر کنکری پرایک صدقہ دے اور اگر صدقوں کی قیمت دَم کے برابر ہو جائے تو کچھ کم کردے۔ (بہارِ شریعت ، ج ۱ ، ص ۱۱۷۸ )
سُوال: دَسویں کی رَمی کے بعد اگر جَدَّہ شریف میں جاکر تَمَتُّع کی قربانی اور حَلْق کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں یانہیں ؟
جواب: نہیں کرسکتے ، کیونکہ جَدَّہ شریف حُدُودِ حَرَم سے باہَر ہے۔کریں گے تو ایک قربانی کا اور دوسرا حَلْق کا یوں دو دَم واجِب ہوجائیں گے۔
سُوال: مُتَمَتِّع اور قارِن نے اگر رَمی سے پہلے قربانی کردی یا قربانی سے پہلے حَلْق کردیا تو کیا کَفّارہ ہے؟
جواب: اِن دونوں صورَتوں میں دَم دینا ہوگا۔
سُوال: اگر حجِّ اِفراد والے نے قربانی سے پہلے ہی حَلْق کردیا تو کیا کوئی سزا ہے؟
جواب: نہیں ، کیونکہ مُفرِد پر قربانی واجِب نہیں اُس کے لئے مُستحب ہے۔ (ایضاً ص ۱۱۴۰ ) اگر قربانی کرنا چاہے تو اُس کے لئے اَفضل یہ ہے کہ پہلے حَلْق کرے پھر قربانی ۔
حج وعمرہ کی فضیلت حج کرنا کس پر فرض ہے؟ حج کی قسمیں حج کرنے کامکمل طریقہ حج کے فرائض ، واجبات اور سنتیں احرام کے مسائل عورتوں کے حج کے بارے میں سوال جواب عمرہ کرنے کا طریقہ حج کی دعائیں حج و عمرہ میں غلطیاں اور ان کے کفارے