روزے کی حالت میں گلوکوز یا انسولین لینے کا حکم



سوال: روزے کی حالت میں گلوکوز یا انسولین لینا جائز ہے یا نہیں اور لینے کی صورت میں روزہ فاسد ہوگا یا نہیں ؟ ۔
جواب:کتب فقہ میں ان امور کی صراحت ہے کہ اگر کوئی ایسا مریض ہے جو روزہ نہیں رکھ سکتا ،یا روزہ سے اسے ضرر ہوگا ،یا مرض بڑھے گا ،یا دیر میں اچھا ہوگا اور اس کی کوئی علامت ظاہر ہو یا یہ بات تجربہ سے ثابت ہو یا مسلم طبیب حاذق ،غیر فاسق کے بیان سے معلوم ہو تو جتنے دنوں تک یہ حالت رہے ،اسے اجازت ہے کہ روزہ نہ رکھے اور بعد صحت ان کی قضاکرے ۔اس صورت میں کفارہ لازم نہیں ہوتا۔اللہ جل شانہ کا ارشاد ہے
فَمَن شَہِدَ مِنکُمُ الشَّہْرَ فَلْیَصُمْہُ وَمَن کَانَ مَرِیْضاً أَوْ عَلَی سَفَرٍ فَعِدَّۃٌ مِّنْ أَیَّامٍ أُخَرَ یُرِیْدُ اللّہُ بِکُمُ الْیُسْرَ وَلاَ یُرِیْدُ بِکُمُ الْعُسْرَ
ترجمہ:تو تم میں جو کوئی یہ (رمضان )کامہینہ پائے ضرور اس کے روزے رکھے اور جو بیمار یا سفر میں ہو تو اتنے روزے اور دنوں میں ،اللہ تم پر آسانی چاہتا ہے اور تم پر دشواری نہیں چاہتا ۔(پ:۲،البقرہ:۲،آیت:۱۸۵)
لہذا اگرایسی صورت حال سامنے ہو جس میں روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے تو بالاتفاق روزے کی حالت میں گلو کوز یا انسولین لینا یا جس دوا کی بھی ضرورت ہو ،اسے استعمال کرنا جائز ہو گا اور اس صورت میں روزہ فاسد ہوگا اور ان کی قضا لازم ہوگی بشرطیکہ گلوکوز ٹیبلیٹ ہو یا سیرپ ہو یا پاؤڈر ہو ۔ہاں ! انجکشن سے انسولین یا گلوکوز لینے کی صورت میں روزہ فاسد نہیں ہوگا اس لیے کہ مفسد صوم وہ دوایا غذا ہے جو منافذ اصلیہ یا غیر اصلیہ کے ذریعہ دماغ یا معدہ تک پہنچے اورا گر مسامات کے ذریعہ کوئی چیز دماغ یا معدہ تک پہنچے تو اس سے روزہ فاسد نہیں ہوتا ۔ملخصاً۔[ماہنامہ کنز الایمان اپریل ۲۰۱۶؁ء]



متعلقہ عناوین



روزہ کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنا کیسا ہے؟ روزہ کی حالت میں بلڈٹیسٹ کرانے کا حکم بے ہوشی سے روزہ ٹوٹتا ہے یا نہیں؟ جان بوجھ کر روزہ چھوڑدینے اور رکھ کر توڑ دینے والے کا حکم صوم داودی کسے کہتے ہیں؟ روزے کی حالت میں دانت اکھڑوانے کا مسئلہ دل کے مریضوں کا زبان کے نیچے ٹکیا رکھنا مفسد صوم ہے یا نہیں ؟



دعوت قرآن