روزے کی حالت میں خون ٹیسٹ کرانے کا حکم



سوال: کیا روزے کی حالت میں خون ٹیسٹ کرانا،یا بلڈ بینک میں عطیہ دینا ،یا ایمرجنسی کی صورت میں کسی کی جان بچانے کے لیے خون دینا جائز ہے یا نہیں ؟ ۔
جواب : اس سوال کے تین اجزا ہیں : (ا)روزے کی حالت میں خون ٹیسٹ کرانا۔(۲)بلڈ بینک میں خون کا عطیہ دینا۔ (۳)ایمرجنسی کی صورت میں کسی کی جان بچانے کے لیے خون دینا۔
ان کے جوابات ترتیب وار درج ذیل ہیں
نمبر۱: روزے کی حالت میں خون ٹیسٹ کراناجائز ہے اور اس میں کوئی کراہت بھی نہیں ہےکیوں کہ ٹیسٹ کے لیے معمولی خون لیا جاتاہے جس سے ضعف کا کوئی اندیشہ نہیں ہوتا۔
نمبر ۲: روزے کی حالت میں بلڈ بینک میں خون کا عطیہ دینا مکروہ وممنوع ہے ؛اس لیے کہ عطیہ دینے کی صورت میں ۲۵۰ء سے ۳۰۰ء ملی لیٹر تک خون نکال لیاجاتاہے جس سے روزہ دار کو کمزوری لاحق ہونے کا قوی اندیشہ ہوتا ہے ۔
نمبر ۳: کسی کی جان بچانے کے لیے بحالت روزہ خون دینا جائز ہے ۔اس لیے کہ شریعت میں جس طرح سے اپنی ضرورت کا لحاظ رکھا گیا ہے اسی طرح دوسرے مسلمان کی ضرورت کا بھی لحاظ رکھا گیا ہے۔ہاں ! اگر اس کے علاوہ کوئی غیرروزہ دار خون دینے کے لیے مل جائے اور اس کا خون مریض کے لیے کافی ہو یا رات میں بھی خون دینے کی گنجائش ہو تو اس صورت میں بحالت روزہ خون دینا مکروہ ہوگا۔
بہارشریعت میں ہے
رمضان کے دنوںمیں ایسا کام کرنا جائز نہیں جس سے ایسا ضعف آجائے کہ روزہ توڑنے کا ظن غالب ہو ۔لہذا نانبائی کو چاہیے کہ وہ دوپہر تک روٹی پکائے پھر باقی دن میں آرام کرے (درمختار)یہی حکم معمارومزدوراور مشقت کے کام کرنے والوں کا ہے کہ زیادہ ضعف کا اندیشہ ہو تو کام میں کمی کردیں کہ روزے ادا کرسکیں ۔ [بہارشریعت حصہ پنجم ،ص: ۹۹۸،روزہ ٹوڑنے والی چیزوں کا بیان ،مکتبہ المدینہ]
فتاویٰ رضویہ میں ہے : "پھر اپنی ضرورت تو ضرورت ہے ہی،دوسرے مسلم کی ضرورت کا بھی لحاظ فرمایا گیا ہے ۔مثلاً: دریا کے کنارے نماز پڑھتاہے اور کوئی شخص ڈوبنے لگا اور یہ بچا سکتا ہے لازم ہے کہ نیت توڑے اور اسے بچائے ،حالانکہ ابطال عمل حرام تھا ۔قال اللہ تعالیٰ لاتبطلو اعمالکم ۔الی آخرہ "۔[ماہنامہ کنز الایمان اپریل ۲۰۱۶؁ء]



متعلقہ عناوین



روزہ کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنا کیسا ہے؟ روزہ میں گلوکوز یا انسولین لینا کیسا ہے؟ بے ہوشی سے روزہ ٹوٹتا ہے یا نہیں؟ جان بوجھ کر روزہ چھوڑدینے اور رکھ کر توڑ دینے والے کا حکم صوم داودی کسے کہتے ہیں؟ روزے کی حالت میں دانت اکھڑوانے کا مسئلہ دل کے مریضوں کا زبان کے نیچے ٹکیا رکھنا مفسد صوم ہے یا نہیں ؟



دعوت قرآن