سوال : کیا حاملہ عورتوں پر سورج اور چاند گرہن کے کوئی اچھے یا برے اثرات ہوتے ہیں؟ کیا گرہن کے وقت حاملہ عورت کا باہر نکلنا منع ہے؟
جواب : سورج اور چاند گرہن اللہ تعالی کی قدرت کی نشانیاں ہیں، ان نشانیوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ جو قادرِ مطلق اللہ تعالی سورج سے روشنی دیتا ہے اور چاند سے چاندنی دیتا ہے وہی اللہ تعالی ان کو ماند کردینے پر بھی قادر ہے ۔ رسول اللہ ﷺ کے زمانے میں آپ ﷺ کے صاحب زادے حضرت ابراہیم رضی اللہ عنہ کے انتقال کے بعد سورج گرہن ہوگیا، اس زمانے میں لوگوں کا خیال یہ تھا کہ سورج گرہن کسی بڑے آدمی کی وفات یا پیدائش کی وجہ سے ہوتا ہے، جیسا کہ ابھی آپ ﷺ کے بیٹے کی وفات پر ہوا تو آپﷺ نے اس عقیدے کی نفی فرمائی۔
بخاری شریف " میں ہے
حضرت ابوبردہ، حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں انہوں نے بیان کیا کہ سورج گرہن ہوا تو نبی ﷺ اس طرح گھبرائے ہوئے کھڑے ہوئے جیسے قیامت گئی، آپ ﷺ مسجد میں آئے اور طویل ترین قیام و رکوع اور سجود کے ساتھ نماز پڑھی کہ اس سے پہلے آپ ﷺ کو ایسا کرتے ہوئے نہیں دیکھا تھا اور آپ ﷺ نے فرمایا کہ یہ نشانیاں ہیں جو اللہ بزرگ و برتر بھیجتا ہے، یہ کسی کی موت اور حیات کے سبب سے نہیں ہوتا ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ اس کے ذریعہ اپنے بندوں کو ڈراتا ہے، جب تم اس کو دیکھو تو ذکرِ الٰہی اور دعا واستغفار کی طرف دوڑو۔
لہذا چاند گرہن اور سورج گرہن کے وقت ہمیں تعلیماتِ نبویہ علی صاحبہا الصلوات والتسلیمات کے مطابق اللہ تعالی کی طرف متوجہ ہو کر نماز، دعا اور استغفار میں مشغول ہونا چاہیے۔
باقی چاند گرہن اور سورج گرہن کی وجہ سے عام انسانوں یا حاملہ خواتین اور ان کے حمل پر مختلف قسم کے اثرات پڑنے سے متعلق جو باتیں عوام میں مشہور ہیں ان کی شریعت میں کوئی اصل نہیں ہے، اس لیے سورج یا چاند گرہن کے وقت ایسی باتوں کی طرف دھیان دینے کے بجائے نماز اور استغفار و دعا کی طرف توجہ دینی چاہیے
سامنے کھانا رکھ کر فاتحہ پڑھنا کیسا ہے؟ پیر کے قدم پر سر رکھنا کیسا ہے؟ کیا ہر میلاد کی محفل میں حضور آتے ہیں؟ شب برات میں فاتحہ حلوے ہی پر کیوں؟ غیر صحابی کے لئے "رضی اللہ عنہ" استعمال کرنا کیسا ہے؟ عورتوں کا قبر کی زیارت کرنا کیسا ہے ؟ پرندوں کو پنجرے میں قید کرنا جائز ہے یا نہیں؟