سوال : ایک مسجد میں ایک سے زائد جمعہ کی نماز قائم کی جاسکتی ہیں؟
جواب : واضح رہے کہ شریعتِ مطہرہ میں ایسی مسجد میں ایک نماز کی دو جماعتیں کرانے کو مکروہ قرار دیا گیا ہے جس میں امام و مؤذن مقرر ہو اور اس کے مخصوص نمازی بھی ہوں، صحابہ کا معمول بھی یہ ہی تھا کہ جب مسجد میں آتے اور وہاں نماز ہوچکی ہوتی تو بعض دوسری مسجد کی جماعت میں شامل ہوتے اور بعض انفرادی نماز ادا کرتے تھے، اسی مسجد میں دوسری جماعت نہیں کراتے تھے، ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ دو فریقوں کے درمیان صلح کے لیے تشریف لے گئے تھے، واپس تشریف لائے تو جماعت ہوچکی تھی، آپ نے گھر والوں کو جمع کرکے جماعت سے نماز ادا فرمائی، اگر فرض نماز کی دوسری جماعت مسجد میں بلاکراہت درست ہوتی تو رسول اللہ ﷺ خود بیانِ جواز کے لیے وہاں جماعت فرماتے، اسی بنا پر فقہاء ایک مسجد میں دوسری جماعت کرانے کی اجازت نہیں دیتے۔
بہرحال اگر کسی کی ایک جگہ جماعت نکل جائے تو اسے چاہیے کہ دوسری مساجد میں جا کر جماعت کی فضیلت حاصل کرے۔ یا عام نماز ہو تو گھر والوں کو جمع کرکے نماز باجماعت ادا کرلے، یا انفرادی نماز پڑھ لے
لہذا ایک مسجد میں ایک مرتبہ جمعہ کی نماز کے قیام کے بعد دوسری مرتبہ اُسی مسجد میں جمعہ قائم کرنا مکروہ ہو گا، اگر ایک مسجد میں دو مرتبہ جمعہ کی نماز کے قیام کا باعث یہ ہو کہ ایک مرتبہ مسجد میں تمام افراد نہ سما سکتے ہوں تو اس کی یہ صورت بھی اختیار کی جا سکتی ہے کہ مسجد کے علاوہ کسی بڑے اور کھلے میدان میں جمعہ کی نماز ادا کر لی جائے؛ تا کہ تمام افراد ایک ساتھ جمعہ کی نماز ادا کر سکیں؛ کیوں کہ جمعہ کی نماز قائم کرنے کے لیے مسجد کی شرط نہیں، بلکہ کسی بھی جگہ جمعہ کی نماز پڑھی جا سکتی ہے۔
’’عن الحسن قال: کان أصحاب رسول الله ﷺ إذا دخلوا المسجد، وقد صلي فیه، صلوافرادی‘‘. [المصنف لابن أبي شیبة، کتاب الصلاة، باب من قال: یصلون فرادی، ولایجمعون. رقم: ۷۱۸۸]
ولنا أنه علیه الصلاة والسلام کان خرج لیصلح بین قوم، فعاد إلی المسجد وقد صلی أهل المسجد، فرجع إلی منزله فجمع أهله وصلی". [ ردالمحتار، کتاب الصلاة، باب الإمامة، ج۱ ص۸ ۵۱]
نابالغ لڑکے کی اذان درست ہوتی ہے یا نہیں؟ اذان ہونے کے بعد مسجد سے نکلنا کیسا ہے؟ تکبیر کے شروع میں کھڑا ہو نا کیسا ہے؟ اذان میں انگوٹھا چومنا؟ نماز کے دوران موبائل فون بند کرنے کا مسئلہ شافعی امام کی اقتدا میں حنفی کی نماز؟ کرتے کا بٹن کھول کر نماز پڑھنا؟ ننگے سر نماز پڑھنا کیسا ہے؟ کب نماز توڑ دینا جائز ہے؟ شادی شدہ عورت اپنے میکے میں پوری نماز ادا کرے گی یا قصر؟ گھر کے اندر محارم مرد وعورت باجماعت نماز پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟