سوال : گھر کے اندر محارم مرد وعورت باجماعت نماز پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟
مردوں کے لیے مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنا ضروری ہے، جب کہ عورتوں کے لیے مسجد میں جاکر نماز پڑھنا مکروہِ تحریمی ہے، لہذا مردوں کو مسجد میں اور عورتوں کو گھر میں نماز ادا کرنی چاہیے، اگرکسی وجہ سے مسجد میں جماعت ہوجائے یا مسجد میں نماز کا موقع نہ مل سکے تو ایسی صورت میں مرد کو چاہیے کہ یا تو دوسری مسجد کی جماعت میں شامل ہوجائے، ورنہ تنہا نماز ادا کرنے کے بجائے اس کے لیے گھر والوں کے ساتھ مل کر جماعت سے نمازپڑھنا افضل ہے، رسول اللہ ﷺ ایک مرتبہ دو فریقوں کے درمیان صلح کے لیے تشریف لے گئے تھے، جب آپ ﷺ واپس تشریف لائے اور مسجد پہنچے تو جماعت ہوچکی تھی، اس موقع پر رسول اللہ ﷺ نے گھر تشریف لے جاکر گھر والوں کو جماعت سے نماز پڑھائی تھی۔
گھر میں نماز کی جماعت میں صف بنانے کا طریقہ یہ ہے
اگر صرف ایک مرد اور ایک عورت ہو (مثلاً میاں بیوی) تو ان میں سے مرد امام بنے اور جو بھی عورت ہو وہ پچھلی صف میں کھڑی ہو، امام کے ساتھ دائیں یا بائیں کھڑی نہ ہو۔
اگر ساتھ میں ایک سے زیادہ بچے بھی ہوں یا دیگر محرم مرد ہوں تو امام آگے کھڑا ہو، پہلی صف میں مرد /بچے کھڑے ہوں اوراس سے پچھلی صف میں بیوی یا جو گھر کی خواتین ہوں، کھڑی ہوں۔
اور اگر امام کے علاوہ ایک مرد یا ایک بچہ ہو تو وہ مرد کے دائیں طرف تھوڑا پیچھے کھڑا ہو اور باقی خواتین پچھلی صف میں کھڑی ہوں۔
عن أنس قال : صلى بي رسول الله صلى الله عليه و سلم وبامرأة من أهلي فأقامني عن يمينه والمرأة خلفنا
[سنن النسائی الکبریٰ،کتاب الامامۃ والجماعۃ،باب موقف الامام اذا کان معہ صبی وامرأۃ،حدیث:۸۷۹]
عن أنس أنه : كان هو ورسول الله صلى الله عليه و سلم وأمه وخالته فصلى رسول الله صلى الله عليه و سلم فجعل أنسا عن يمينه وأمه وخالته خلفهما ۔
[سنن النسائی الکبریٰ،کتاب الامامۃ والجماعۃ،باب اذاکانوارجلین و امرأتین،حدیث:۸۷۸]
واللہ اعلم بالصواب۔
نابالغ لڑکے کی اذان درست ہوتی ہے یا نہیں؟ اذان ہونے کے بعد مسجد سے نکلنا کیسا ہے؟ تکبیر کے شروع میں کھڑا ہو نا کیسا ہے؟ اذان میں انگوٹھا چومنا؟ نماز کے دوران موبائل فون بند کرنے کا مسئلہ شافعی امام کی اقتدا میں حنفی کی نماز؟ کرتے کا بٹن کھول کر نماز پڑھنا؟ پینٹ ٹخنے سے نیچے کرکے نماز پڑھنا؟ ننگے سر نماز پڑھنا کیسا ہے؟ کب نماز توڑ دینا جائز ہے؟ شادی شدہ عورت اپنے میکے میں پوری نماز ادا کرے گی یا قصر؟